اسلام آباد: علی امین گنڈا پور کے خیبر پختونخوا ہاؤس سے غائب ہونے کے حقائق منظر عام پر آ گئے ہیں۔5 اکتوبر 2024 کو احتجاج کی آڑ میں اسلام آباد میں داخل ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور کے اچانک غائب ہونے کی حقیقت سامنے آئی ہے۔ کے پی ہاؤس میں داخلے اور نکلنے کی خصوصی فوٹیج اور علی امین کے بھائی فیصل امین کی آڈیو کال بھی جاری کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں علی امین گنڈا پور کو واضح طور پر ہاؤس کے گیٹ سے داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کالی شلوار قمیض پہن رکھی تھی اور بعد میں انہوں نے اپنے لباس تبدیل کر کے دوسرے رنگ کے سول کپڑوں میں اپنے حفاظتی اہلکاروں کے ساتھ خیبر پختونخوا ہاؤس سے روانہ ہو گئے۔
فوٹیج میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ اپنی مرضی سے اپنے حفاظتی اہلکاروں کے ہمراہ خیبر پختونخوا ہاؤس سے باہر جا رہے ہیں۔یہ تصاویر واضح طور پر ثابت کرتی ہیں کہ علی امین گنڈا پور نے خود اپنی مرضی سے مظاہرین کو چھوڑ کر غائب ہونے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب، کچھ عناصر اس خبر کا سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔