اسلام آباد۔ وزیراعظم شہباز شریف نے معروف عالم ڈاکٹر ذاکر نائیک کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ آپ پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیراعظم نے ممتاز اسلامی عالم ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ملاقات کی اور ان کی پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا کو اسلام کا حقیقی چہرہ دکھایا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، میں آپ کی تقریریں بہت شوق سے سنتا ہوں جو نہایت جامع اور مؤثر ہوتی ہیں۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے کہا کہ اسلام ایک امن کا دین ہے اور آپ اس کا حقیقی پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک اہم ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔ شہباز شریف نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور اب تک اس کی یادیں تازہ ہیں۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے، میرا یہی مقصد ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں۔