واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ حسن نصراللہ کے قتل سے بہت سے متاثرین کو انصاف ملا ہے۔بائیڈن نے ایک بیان میں الزام لگایا کہ حسن نصراللہ اور حزب اللہ کی وجہ سے سیکڑوں امریکی ہلاک ہوئے، اور حزب اللہ کے سربراہ کی موت سے ہزاروں امریکیوں، اسرائیلیوں اور لبنانی شہریوں کو انصاف نصیب ہوا ہے۔بائیڈن نے یہ بھی کہا کہ امریکہ حزب اللہ، حماس، حوثیوں اور دیگر ایرانی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف اسرائیل کے دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے۔بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایران کو مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی سے روکنے کے لیے خطے میں امریکی فوج کی طاقت کو بڑھائیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ غزہ اور لبنان میں جاری تنازعات کو سفارتی طریقوں سے کم کرنے کا خواہاں ہے، یہ وقت ہے کہ اسرائیل کے سامنے آنے والے خطرات کو ختم کرکے مشرق وسطیٰ میں استحکام قائم کیا جائے۔