پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا نے آئینی عدالت کے قیام کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، جبکہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے۔
احتجاج میں ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ، اعظم سواتی، شعیب شاہین، نیاز اللہ نیازی اور راجہ بشارت بھی شریک تھے۔ وکلا نے کہا کہ اس وقت جمہوریت کو تماشہ بنا دیا گیا ہے اور قانون کی پامالی عروج پر ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے بڑی امیدیں وابستہ کیں اور کہا کہ انہیں سپریم کورٹ کے اختیارات کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
احتجاج کے دوران، پی ٹی آئی وکلا نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر “سپریم کورٹ پر حملہ نامنظور”، “قاضی فائز عیسیٰ استعفیٰ دو”، اور “چیف الیکشن کمشنر اور ممبر الیکشن کمیشن استعفیٰ دو” درج تھے۔
بعد میں، پی ٹی آئی وکلا نے سپریم کورٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس گیٹ تک مارچ کیا اور پھر منتشر ہوگئے۔ احتجاج کے دوران سپریم کورٹ کے باہر خاردار تاریں اور پولیس کی بڑی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔