کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ وہ چاہت فتح علی خان جیسے لوگوں کو وائرل کرنے والوں سے مایوس ہیں۔
انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کامیڈین تابش ہاشمی کے پروگرام ‘ہنسنا منع ہے’ میں کیا، جہاں انہوں نے چاہت فتح علی خان کی شہرت اور موسیقی کے حوالے سے بات کی۔ بشریٰ انصاری نے وائرل کلچر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ لوگ کس طرح کی چیزوں کو مشہور کر رہے ہیں۔
چاہت فتح علی خان، جو اپنی منفرد آواز اور ماضی کے مقبول گانوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے، خاص طور پر ان کے گانے ‘بدوبدی’ نے انہیں عالمی سطح پر مقبولیت دلائی۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ موسیقی کی بےعزتی ہو رہی ہے، اور اس طرح کے وائرل ٹرینڈز ماضی کے موسیقی کے ساتھ استحصال کرتے ہیں۔
سینیئر اداکارہ نے مزید کہا کہ چاہت فتح علی خان اور ان جیسے دیگر افراد جس چیز کے لیے مشہور ہو رہے ہیں، اس پر ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ان کی سمجھ سے بالاتر ہے اور انہیں افسوس ہے کہ اس وائرل کلچر کے ذریعے موسیقی کی حقیقی قدر کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔