کولمبو: سری لنکا کے نومنتخب صدر انو را کمارا نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھالیا، جبکہ وزیراعظم دنیش گناواردینا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، دنیش گناواردینا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے 22 جولائی 2022 کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا، جب ملک شدید مالی اور سیاسی بحران کا شکار تھا اور ڈیفالٹ کر چکا تھا۔
اس دوران عوام نے صدارتی محل اور پارلیمان میں دھاوا بول دیا تھا، جس کی وجہ سے پیٹرول، خوراک، اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر رانیل وکرما سنگھے کی قیادت میں، دنیش گناواردینا نے ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے سخت اقدامات کیے، جن میں ٹیکسوں میں اضافہ بھی شامل تھا۔ اگرچہ آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکیج منظور کر لیا گیا تھا، مگر اس کے کڑے شرائط کے تحت نئے انتخابات کرانے کا دباؤ تھا تاکہ یہ فیصلے ایک منتخب حکومت کرے۔
حال ہی میں صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جس میں مارکسٹ رہنما انو را کمارا نے 52 فیصد ووٹ حاصل کرکے صدر کا عہدہ سنبھالا۔ 55 سالہ نئے صدر انو را کمارا کی حلف برداری کی تقریب میں اپوزیشن رہنما ساجیت پریماداسا، اہم سیاسی رہنما، عسکری قیادت، اور سابق حکومت کے وزرا نے شرکت کی۔