واشنگٹن۔امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی کا وقت آ گیا ہے، اور یہ اقدام امریکی تاریخ کی سب سے بڑی بے دخلی ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے انتخابی وعدوں کے تحت ملک سے غیر قانونی تارکین وطن کو نکالنے کے منصوبے پر عمل درآمد کا عندیہ دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے غیر قانونی مقیم افراد کی جبری بے دخلی کے لیے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس بے دخلی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے فوج کی مدد بھی حاصل کی جائے گی۔
واضح رہے کہ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ امریکا کو غیر قانونی تارکین وطن سے پاک کریں گے، اور سب سے پہلے ان افراد کو نکالا جائے گا جو کسی قسم کے جرائم میں ملوث ہوں۔