پنجاب میں ٹماٹر اور پیاز سمیت دیگر سبزیوں کی کاشت بڑھانے کے لئے کو آپریٹو فارمنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پنجاب میں دو ہزار ایکڑ پر بے موسمی پیاز اور ٹماٹر کی کاشت کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کا مقصد 5 سے 10 کاشت کاروں پر مشتمل ویجیٹیبل فارمر گروپ کو بیج، کھاد، ڈرپ اریگیشن اور سولرائزیشن پر سبسڈی فراہم کرنا ہے۔
آف سیزن کاشت کے ذریعے پنجاب میں 6 ماہ تک پیاز اور ٹماٹر کی مقامی دستیابی سے مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ ہوگا۔ کہروڑ پکا، رحیم یار خان، وہاڑی اور راجن پور میں پیاز جبکہ خوشاب، چکوال، پنڈی اور جہلم میں آف سیزن ٹماٹر کی کاشت کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
کاشتکاروں کی سہولت کے لئے پنجاب بھر میں ایگری کلچر مشینری رینٹل سروسز بھی شروع کی جائیں گی، جہاں ٹریکٹر، ہارویسٹر سمیت دیگر جدید زرعی مشینری “نو پرافٹ، نو لاس” کی بنیاد پر کرائے پر دستیاب ہوگی۔
اسی طرح، 67 سے زائد مقامات پر زرعی مشینری کے انتخاب کے لئے جوائنٹ ورکنگ گروپ بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری اراضی پر گندم کی بوائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ مریم کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں “ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگری کلچر” کے لئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، جس میں سینیئر صوبائی وزیر، وزیر اطلاعات و ثقافت، وزیر زراعت، چیف سیکریٹری، اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔