اسلام آباد: ایم ڈی کیٹ امتحان 22 ستمبر کو 30 شہروں اور 2 بین الاقوامی مراکز میں منعقد ہوگا۔ پی ایم ڈی سی نے امتحانات کی شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے صدر نے بتایا کہ 22 ستمبر کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان میں ملک بھر کے 30 شہروں اور دو بین الاقوامی مراکز میں طلبہ شرکت کریں گے۔ امتحانی عمل کے دوران دفعہ 144 نافذ رہے گی، اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ امیدواروں کو غیر اخلاقی رویے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ چیٹنگ کرنے پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں اور مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
پا کستان میں ملائیشیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے تعلیمی میلے کا انعقاد
صدر پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان کے دوران بدعنوانی اور دھوکہ دہی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایم ڈی کیٹ 2024 کے لیے 167,744 طلبہ نے اندراج کرایا ہے، جن میں سے 58,380 طلبہ پنجاب، 38,678 سندھ، 42,329 خیبر پختونخوا، 5,806 بلوچستان، 18,408 اسلام آباد، 3,145 آزاد کشمیر اور 739 گلگت بلتستان سے ہیں۔ مزید برآں، ایم ڈی کیٹ امتحان میں 259 بین الاقوامی طلبہ بھی شریک ہوں گے۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی نے 33 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) نے 26، خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) نے 13، جبکہ ڈاؤ یونیورسٹی نے 6 امتحانی مراکز کا انتظام کیا ہے۔