اسلام آباد ۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھارت میں منعقدہ ساوتھ ایشین جونیئر اتھلیٹکس چیمپئین شپ میں بنا اجازت دورہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان سے جواب طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارہ کھلاڑیوں اور چار آفیشلز پر مشتمل پاکستان جونیئر اتھلیٹکس ٹیم نے انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کی تھی جس میں 90 میں سے ایک میڈل بھی پاکستان اپنے نام کرنے میں ناکام رہا ہےجبکہ اتھلیٹکس فیڈریشن نے بھارت جیسے ملک میں دورہ کرنے کی اجازت کیلئے این او سی بھی نہیں لیا جس پر پی ایس بی نے بغیر این او سی کے ٹیم کے دورہ بھارت پر اتھلیٹکس فیڈریشن سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری شاہجہان میر کو بھیجے گئے خط میں واضح کیا کہ جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے ٹیم کے بھارت جانے کے لیے کوئی این او سی نہیں مانگا گیا، جو پی ایس بی کے آئین کےآرٹیکل 7(1) کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔