واشنگٹن: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کے حق میں ایک قرارداد منظور کر لی ہے جس میں اسرائیل کو ایک سال کے اندر فلسطینی علاقوں سے قبضہ ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق، اس قرارداد کے حق میں 124 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ 14 ممالک نے مخالفت کی اور 43 ممالک کے اراکین ووٹنگ میں شامل نہیں ہوئے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو ایک سال کے اندر غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے سے اپنی موجودگی ختم کرنا ہوگی۔اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے قرارداد کی منظوری کو “شرمناک فیصلہ” قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے فلسطین میں موجود دہشت گردوں کی سفارتی پشت پناہی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنرل اسمبلی اسرائیل کے یرغمال بنے ہوئے 101 شہریوں کا مطالبہ کرنے اور 7 اکتوبر کے قتل عام کی برسی کے بجائے دہشت گردوں کے اقدامات کی حمایت کر رہی ہے۔