لاہور: پنجاب حکومت نے دل کے مریض بچوں کے لیے مفت علاج اور آپریشنز فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کیا ہے۔ “چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام” کے تحت ہر سال 5,000 سے زائد دل کے مریض بچوں کو علاج اور سرجری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے ‘چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام’ کے تحت ‘چائلڈ سرجری کارڈ’ تقسیم کیے۔ پروگرام کے تحت، اگر سرکاری اسپتالوں میں جگہ نہ ہو، تو مریض بچوں کے آپریشن نجی اسپتالوں میں کیے جائیں گے۔
پہلے مرحلے میں، لاہور، ملتان، فیصل آباد، اور راولپنڈی میں 6 سرکاری اور مخصوص نجی اسپتالوں میں چلڈرن ہارٹ سرجری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان اسپتالوں میں پی آئی سی اور چلڈرن اسپتال لاہور، ملتان کے چلڈرن اور پی آئی سی، فیصل آباد اور راولپنڈی کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے میں، وزیر آباد، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، اور سرگودھا کے اسپتالوں میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کی مانیٹرنگ کے لیے آن لائن ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وہ اس منصوبے کا آغاز ماں کے طور پر بہت خوشی کے ساتھ کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری کی جدید سہولیات ماؤں کے آنسو پونچھنے اور بچوں کی بیماریوں کو دور کرنے کی بھرپور کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی علاج گاہ ہوگی، اور خیبرپختون خوا اور دیگر صوبوں کے مریض بچوں کا بھی یہاں علاج کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دل کے آپریشن کی بروقت سہولت نہ ہونے کے باعث ہر سال 5,000 بچے وفات پا جاتے تھے، جسے اب اس نئے پروگرام کے ذریعے حل کیا جائے گا۔