لندن ۔ انگلینڈ میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نرس نے ڈاکٹر کے پیچھے پڑ کر اس کی زندگی کو مشکل بنا دیا، جس پر ڈاکٹر نے عدالت کا رخ کیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، انگلینڈ کے ایک ہسپتال میں کام کرنے والی 30 سالہ نرس صوفی کول ویل نے 54 سالہ ڈینٹسٹ ڈاکٹر ڈیوڈ کے ساتھ محبت کا آغاز کیا۔ جب اس محبت کا خاتمہ بریک اپ پر ہوا، تو صوفی نے اپنی جنونی محبت کے باعث ڈاکٹر ڈیوڈ کی زندگی اجیرن کر دی۔رپورٹس کے مطابق، ڈاکٹر ڈیوڈ نے اہلیہ کے انتقال کے بعد صوفی سے دوستی کی تھی۔ ابتدا میں صوفی ایک تازہ ہوا کا جھونکا محسوس ہوتی تھی، مگر بعد میں وہ ڈاکٹر کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی۔ اس صورت حال سے تنگ آ کر، ڈاکٹر ڈیوڈ نے قانونی کاروائی کا فیصلہ کیا۔عدالت میں دیے گئے بیان میں ڈاکٹر ڈیوڈ نے کہا کہ بریک اپ کے بعد صوفی نے ایک دن میں ایک ہزار کالز کیں اور حتیٰ کہ اس کی کار میں ٹریکنگ ڈیوائس بھی لگا دی۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ صوفی نے اس کے عالیشان گھر میں داخل ہو کر بیڈروم میں چھپ کر اس کا انتظار کیا، اور جب ڈاکٹر نے بیڈروم میں کسی کی موجودگی کا احساس کیا تو صوفی کمرے کی کھڑکی سے فرار ہو گئی۔ایک موقع پر صوفی نے ڈاکٹر سے اس کا موبائل فون بھی چھیننے کی کوشش کی۔عدالت نے دونوں طرف کے دلائل سننے کے بعد صوفی کول ویل کو 20 ہفتے قید کی سزا سنائی اور اس کے ساتھ 5 سال تک ڈاکٹر ڈیوڈ سے ملاقات کرنے، اس کے گھر یا ہسپتال کے قریب جانے پر پابندی عائد کر دی۔