اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ کسی ایک فرد کے لیے کی جانے والی قانون سازی قابل قبول نہیں ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک آئینی ترمیم یا پیکیج کی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔ یہ افسوسناک ہے کہ آئینی پیکیج اور ترامیم خفیہ طریقے سے لائی جا رہی ہیں۔ غیرآئینی ترامیم بھی چھپ کر کی جا رہی ہیں، اور ایوان میں باقاعدہ پیش نہیں کی جا رہی۔ ان ترامیم پر بحث کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ ان میں کیا شامل ہے۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ وہ پارلیمان کی مضبوطی چاہتے ہیں، اور اگر کوئی تجویز آئے گی تو اس پر مشاورت کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے ممبران اسمبلی کو اغوا کر کے زور زبردستی سے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ اگر ہمیں مشکلات پیش آئیں تو تمام فیصلے سڑک پر کیے جائیں گے۔