اسلام آباد: ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ جسٹس سمن رفعت امتیاز نے شیر افضل مروت کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا، جس میں ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب، اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔ ان نوٹسز میں فریقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ شیر افضل مروت کی درخواست پر جواب جمع کرائیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں شیر افضل مروت کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ عدالت نے کہا ہے کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق شیر افضل مروت کو کسی خفیہ مقدمے میں گرفتار ہونے کا خطرہ ہے، اس لیے انہیں عدالت کی اجازت کے بغیر کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔یاد رہے کہ شیر افضل مروت نے وکلاء عادل عزیز قاضی اور ریاست علی آزاد کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔