اسلام آباد: ایف آئی اے نے بینک کا نمائندہ بن کر شہریوں سے مالیاتی فراڈ کرنے والے گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے ایک بڑی کارروائی کے دوران آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث ایک منظم گروہ کے تین افراد کو گرفتار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر سائبر کرائمز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت یہ کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں ملزمان کو جھنگ سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان میں محمد عدنان، شہباز اختر اور محمد عرفان شامل ہیں، جو خود کو بینک کے نمائندے کے طور پر ظاہر کر کے شہریوں کو کال کرتے تھے اور بینک کے ریکارڈ کی معلومات حاصل کرتے تھے۔ ان ملزمان نے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس تک غیر قانونی رسائی حاصل کرکے 18 لاکھ 84 ہزار روپے سے زائد رقم چوری کی۔
ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف تفتیش جاری ہے۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپا مار کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔