اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کوریج کرنے والے بیٹ رپورٹرز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے صحافیوں کے خلاف دیے گئے بیان کے ردعمل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔
اسلام آباد میں خیبرپختونخوا (کے پی) ہاؤس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سلمان اکرم راجا، اور رؤف حسن پریس کانفرنس کر رہے تھے، مگر صحافیوں نے اس کی کوریج سے انکار کر دیا۔ صحافیوں کا کہنا تھا کہ ان کے رپورٹرز کی تصاویر لگا کر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بنایا جا رہا ہے اور اسٹیٹس پر انہیں ٹاؤٹ کہا جا رہا ہے، جس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
سلمان اکرم راجا نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ علی امین گنڈاپور اس معاملے پر وضاحت فراہم کریں گے، اور ان کا بیان پی ٹی آئی کے بانی کے علم میں لایا جا چکا ہے۔
صحافیوں نے وضاحت آنے تک پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا اور بیٹ رپورٹرز نے پی ٹی آئی قیادت سے شکایت کی کہ نہ تو پی ٹی آئی نے بیٹ رپورٹرز سے رابطہ کیا ہے اور نہ ہی علی امین گنڈاپور کے بیان کی وضاحت کی ہے۔
بیٹ رپورٹرز نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور نے صحافیوں کے خلاف اپنے الفاظ کی وضاحت ابھی تک نہیں کی ہے، تاہم سلمان اکرم راجا، رؤف حسن، اور شبلی فراز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ علی امین گنڈاپور اپنے بیان کی وضاحت کریں گے۔