ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور کامیڈین جونی لیور نے سابق کپتان اور وزیراعظم عمران خان کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران، جونی لیور نے پاکستانی کامیڈین اسٹارز عمر شریف، معین اختر، اور امان اللہ سمیت پاکستانی کرکٹرز کے بارے میں گفتگو کی۔ اس انٹرویو کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے، جس میں ایک صحافی نے جونی لیور سے ان کے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر کا نام پوچھا۔
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، جونی لیور نے کہا کہ عمران خان ماضی میں ان کے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے علاوہ، ظہیر عباس بھی انہیں بہت پسند تھے، جنہیں وہ “سنچری والے آدمی” کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
جونی لیور نے پاکستانی مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے انہیں بے شمار محبت اور پیار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ پاکستان کا دورہ ضرور کریں گے اور اپنے مداحوں سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے امان اللہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب امان اللہ بھارت آئے تھے تو وہ ان کے گھر بھی مدعو ہوئے تھے۔ جونی لیور نے افسوس کا اظہار کیا کہ وہ امان اللہ کے ساتھ مل کر کام نہیں کرسکے، لیکن دونوں نے خوب گپ شپ کی تھی۔