میڈرڈ: سپین میں ایک بلین یورو کی مالیت کے ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے دوران 26,000 سال پرانے انسانی اور جانوروں کے قدموں کے نشانات اور پتھروں کے نمونے دریافت ہوئے ہیں، جس کے بعد اس مقام کو ثقافتی اثاثہ قرار دیا گیا ہے۔
قدیم قدموں کے نشانات کی دریافت کے بعد تعمیراتی کام فوراً روک دیا گیا ہے۔
ماہرین آثار قدیمہ نے اس غیر متوقع دریافت پر مزید تحقیق کے لیے کھدائی کا عمل شروع کر دیا ہے، جس میں تیس افراد پر مشتمل ایک ٹیم شامل ہے، جن میں ماہرین ارضیات، تکنیکی ماہرین، ماہرین حیاتیات، اور بحالی کار شامل ہیں۔
پروجیکٹ کے محققین میں شامل جوآن سانگوینوس نے پریس ریلیز میں بیان کیا کہ آثار قدیمہ کے ماہرین میڈرڈ سٹی کونسل سے درخواست کریں گے کہ اس مقام کو مستقبل کی تحقیق کے لیے آثار قدیمہ کے ذخیرے کے طور پر محفوظ رکھا جائے۔