لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے نیا محکمہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا بل جلد اسمبلی میں منظور کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ الحمداللہ، ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ مہنگائی اب سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے اور پاکستان معیشت کے حوالے سے صحیح راہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت اور ملکی سلامتی کے امور پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، اور ملک میں کوئی سیاسی عدم استحکام نہیں ہے، البتہ کچھ عناصر اسے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف میٹنگ میں شریک ہوں یا نہ ہوں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہر کام میں ان سے مشاورت کرتی ہیں۔ نواز شریف کا تجربہ مریم نواز کے منصوبوں میں شامل ہے۔ عوام کے لیے سستی بجلی، مفت ادویات، اور دیگر فوائد نواز شریف کے منصوبے ہیں، اور مزید اچھی خبریں عوام کے لیے جلد آئیں گی۔
پنشن ایک بم کی شکل اختیار کرچکی، اسے روکنا ہوگا، وزیر خزانہ
آئینی ترمیم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آئین لکھنے کا حق پارلیمنٹ کو ہے، کسی کو اسے دوبارہ لکھنے کا اختیار نہیں۔ ضرورت پڑنے پر آئینی ترمیم کی جائے گی، اور حکومت کے پاس پہلے دن سے ہی نمبرز مکمل ہیں۔ ملکی معیشت، سیکیورٹی، اور سلامتی کے امور پر پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہیے۔