اسلام آباد۔ پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی گرفتاری پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے آئی جی اسلام آباد کو فون کرکے شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور تمام گرفتار ارکان کو فوراً رہا کرنے کے احکامات دیے۔ اس سے پہلے، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی نے ارکان کی گرفتاری پر سخت احتجاج کیا، جس کے بعد اسپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی ارکان اور دیگر کو اپنے چیمبر میں طلب کیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے ارکان کی موجودگی میں آئی جی اسلام آباد کو فون کیا اور تمام گرفتار ارکان کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد سے تمام واقعات کی رپورٹ بھی طلب کی۔ اسپیکر نے پروڈکشن آرڈرز کے ذریعے تمام ارکان کی رہائی کا بھی حکم دیا۔
ایاز صادق نے آئی جی اسلام آباد پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے پر بہت افسردہ ہیں، اور نہ پارلیمنٹ ہاؤس سے کسی کو گرفتار کیا جا سکتا ہے نہ پارلیمنٹ لاجز سے۔ انہوں نے کہا کہ ان پارلیمنٹیرینز کو فوراً رہا کیا جائے۔ اسپیکر نے شیر افضل مروت کی گرفتاری کی فوٹیج بھی دیکھی اور کہا کہ یہ کسی پارلیمنٹیرین کو گرفتار کرنے کا مناسب طریقہ نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے ممبران کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور کل جن ارکان کو گرفتار کیا گیا، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔