لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔ پولیس، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن اور نیب میں عمران خان کے خلاف درج مقدمات اور انکوائریز کی رپورٹ حاصل کر لی گئی ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق، بانی پی ٹی آئی پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 48 مقدمات درج ہیں۔ لاہور میں پنجاب پولیس نے عمران خان کے خلاف 18 مقدمات درج کیے ہیں، جبکہ شیخوپورہ میں سات مقدمات ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گوجرانوالہ میں ایک، راولپنڈی میں 13 اور اٹک میں 2 مقدمات درج ہیں۔ فیصل آباد میں 5، سرگودھا اور میانوالی میں ایک ایک مقدمہ درج ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، عمران خان کے خلاف ایف آئی اے میں ایک اور اینٹی کرپشن پنجاب میں دو انکوائریاں زیر التوا ہیں۔ نیب کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف نیب میں تین کیسز زیر سماعت ہیں، جن میں 190 ملین پاونڈ اور توشہ خانہ کے دو کیسز شامل ہیں۔