کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے بلوچستان اور گوادر کی ترقی کے لیے ایک اہم سرکاری فیصلے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پاکستان کے سرکاری شعبے کو اب گوادر پورٹ کے ذریعے اپنی 50 فیصد درآمدات کرنا ہوں گی، اس اقدام کا مقصد گوادر پورٹ اور بلوچستان کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
قیصر احمد شیخ نے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک کی معروف کمپنی مارسک لائن پاکستان میں حکومت سے حکومت کے معاہدے کے تحت 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ معاہدہ ستمبر میں طے پائے گا اور کابینہ نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ سرمایہ کاری پاکستانی بندرگاہوں اور دیگر بحری منصوبوں پر کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مارسک لائن کے پاس 750 پرانے بحری جہاز ہیں، جنہیں وہ منظم انداز میں بریکنگ کی خواہاں ہے۔ عالمی میری ٹائم تجارت میں پاکستان کا حصہ صرف 0.5 فیصد ہے، لیکن خطے کی بندرگاہوں میں گنجائش کی کمی کی وجہ سے پاکستانی گہری بندرگاہوں کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستانی بندرگاہیں بڑے اور چھوٹے کارگو بحری جہازوں کے لنگر انداز ہونے کی وسیع صلاحیت رکھتی ہیں۔