اسلام آباد۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے جنوری سے جولائی تک کے عرصے میں قومی خزانے میں 7 ارب 8 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کروا دی ہے۔ ایک بیان کے مطابق، نیب نے بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے بڑی مقدار میں رقم برآمد کی ہے۔ نیب نے وفاقی حکومت کے خزانے میں 2 ارب 13 کروڑ روپے سے زیادہ جمع کرائے، جبکہ سندھ حکومت کے خزانے میں 25 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم جمع کروائی۔ پنجاب حکومت کے خزانے میں 13 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد رقم جمع کی گئی، اور خیبر پختونخوا حکومت کے خزانے میں ایک کروڑ 34 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم جمع کی گئی۔ عوام کو دھوکا دینے کے 34 واقعات میں 21 ہزار 760 متاثرین کو 4 ارب روپے سے زیادہ کی رقم واپس کی گئی۔ نیب نے مختلف تحقیقات اور پلی بارگینز کے ذریعے یہ رقوم جمع کی تھیں۔