لاہور۔پنجاب بھر میں امن و امان کی بحالی اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں ضلعی امن کمیٹیوں کی دوبارہ تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، نئی ضلعی امن کمیٹیوں میں تمام مسالک کی نمائندگی شامل کی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ پچھلی ضلعی امن کمیٹیاں 2018 میں بنائی گئی تھیں، لیکن ان میں سے اکثر عہدیدار وفات پا چکے ہیں یا بہت کمزور اور غیر مؤثر ہو چکے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو نئی امن کمیٹیوں کے نوٹیفیکیشن کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ نئی کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے تمام اراکین کی متعلقہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی سے تصدیق لی جائے گی۔