اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے نااہلی کے مسئلے پر اپیل کی فوری سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی ہے۔بیرسٹر علی ظفر نے یہ درخواست پیش کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔ عمران خان کو الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس پر میانوالی سے ڈی سیٹ کیا اور اسی فیصلے کے تحت تحریک انصاف کے بانی کو انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بینچ الیکشن کمیشن کے خلاف اپیل پر سماعت کر رہا تھا، لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل واپس لینے کی درخواست منظور کرنے سے انکار کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس حکم کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بینچ کارروائی کو آگے نہیں بڑھا پا رہا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔