ریاض: فلسطین کے صدر محمود عباس نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران غزہ کی صورتحال اور فوجی تناؤ کو کم کرنے کے موضوع پر بات چیت کی گئی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطینی صدر کو یقین دلایا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کی اپنے حقوق کے حصول تک مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔سعودی ولی عہد نے بتایا کہ سعودی عرب کشیدگی کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی فریقوں سے رابطے میں ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، اس ملاقات میں سعودی وزیردفاع پرنس خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، انٹیلی جنس چیف، اور اردن میں سعودی سفیر بھی موجود تھے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں کی تعریف کی۔