ریاض۔اے آئی ٹیکنالوجی نے پرتگال کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو ان کی اہلیہ کے ساتھ مقدس مقامات کی زیارت کروا دی۔
سعودی فٹبال کلب النصر کے اسٹار کھلاڑی کی سعودی عرب کے انتہائی مقدس مقام پر زیارت کرنے کی تصاویر، جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تیار کی گئی ہیں، سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
ان تصاویر میں رونالڈو اور ان کی اہلیہ کو زیارت کرتے دکھایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے اس پر تنقید کی ہے، جبکہ دوسروں نے ان تصاویر کو حقیقت کے قریب قرار دیا ہے۔
یہ تصاویر اس وقت موضوعِ بحث بنیں جب النصر فٹبال کلب کے سابق گول کیپر ولید عبداللہ نے ایک بیان دیا کہ کرسٹیانو رونالڈو اسلام میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ولید عبداللہ نے مزید کہا کہ انہوں نے رونالڈو سے اسلام کے بارے میں گفتگو کی تھی، اور رونالڈو اس موضوع میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے گول کرنے کے بعد میدان میں سجدہ بھی کیا، جس کے بعد تمام کھلاڑیوں نے “اللہ اکبر” کا نعرہ بلند کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رونالڈو اذان کی آواز سن کر کوچ سے ٹریننگ روکنے کو کہتے ہیں۔