اسلام آباد۔کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ کو نشاط ہاسپیٹلٹی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی سو فیصد شیئر ہولڈنگ حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
کمپٹیشن کمیشن نے اس ٹرانزیکشن کا جائزہ کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 11 کے تحت لیا جو کہ کمپنیوں کے ایسے انضمام کو روکتا ہے جس سے کسی کمپنی کو مارکیٹ میں مناپلی حاصل ہو جائے اور مارکیٹ میں کمپٹیشن متاثر ہو۔
اس ٹرانزیکشن میں نشاط ملز ، جو کہ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے، اور نشاط ہاسپیٹلٹی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے100 فیصد شیئرز کی مالک ہے، نے کمپنی میں اپنی مکمل ہولڈنگ نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ کو فروخت کر دی ہے۔
نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ ایک پبلک ان لسٹڈ کمپنی ہےجو کہ لاہور کے رئیل اسٹیٹ اور ہاسپیٹلٹی سیکٹر میں کاروبار کرتی ہے۔ یہ کمپہنی ایک شاپنگ مال، ہوٹل، بینکوئٹ ہالز اور ایک رہائشی منصوبہ چلا رہی ہے۔ جبکہ نشاط ہاسپیٹلٹی (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور میں ہاسپیٹلٹی کی خدمات فراہم کرتی ہے۔ فی الحال، لاہور کی مارکیٹ میں نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز کا مارکیٹ شیئر 10 فیصد ہے جبکہ نشاط ہاسپیٹلٹی کاحصہ 4 فیصد تک ہے۔
اس ٹرانزیکشن کے بعد دونوں کمپنیوں کا مشترکہ شیئر لاہور کی ہاسپیٹلٹی مارکیٹ میں 14 فیصد ہونے کی توقع ہے۔ اس ٹرانزیکشن سے متعلقہ مارکیٹ میں مسابقت پر کوئی خاص اثر نہٰں پڑے گا، اس لئے کمپٹیشن کمیشن نے اس ٹرانزیکشن کی منظوری دے دی ہے۔