لاہور۔راولپنڈی ایکسپریس، شعیب اختر کا چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے دیا گیا انٹرویو وائرل ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے کیوں لگتا ہے کہ بھارت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے آئیگا
مقامی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور راولپنڈی ایکسپریس کے لقب سے معروف شعیب اختر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان چیمپئینز ٹرافی کے بارے میں بیک چینل مذاکرات ہوں گے، اور ہمیں امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، تاہم ہمیں حل کے لیے صبر کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب بخوبی واقف ہیں کہ بھارت سے آئی سی سی میں 95 سے 96 فیصد اسپانسرشپ آتی ہے، اس لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دباؤ بنایا جاتا ہے۔
شعیب اختر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کی آمد واقعی حکومتوں کے اختیار میں ہے، کیونکہ کوئی بھی کرکٹ بورڈ اس پر اثرانداز نہیں ہوسکتا، چاہے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہو یا بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ آپ یہ تصور کریں کہ ویرات کوہلی پاکستان آکر کھیل رہے ہیں اور سینچری بنا رہے ہیں، پاکستان عالمی کرکٹ جیسے بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی نہیں کرسکتا لیکن اگر (چیمپئینز ٹرافی) ہوتی ہے تو یہ بڑے ایونٹس کی جانب ایک اہم قدم ہوگا، اور مجھے اب بھی یقین ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔
دوسری طرف چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر بھارت اور پاکستان کے کرکٹ بورڈز ایک دوسرے کے خلاف لفظی جنگ میں مصروف ہیں، جبکہ براڈکاسٹنگ کمپنی نے آئی سی سی پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے کہ وہ شیڈول کا اعلان کرے کیونکہ تاخیر کی وجہ سے انہیں مالی نقصانات کا سامنا ہو رہا ہے۔