اسلام آباد۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں چار روزہ ”آرٹ آف پیرنٹنگ ورکشاپ، پائلٹ مرحلہ” کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ چار روزہ تربیتی ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینرز کو یونیورسٹی کی مرتب کردہ 2گائیڈز ”آغوش اور پرورش”سے روشناس کرایا جائےگا۔
ڈائریکٹر جنرل ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ نیشنل کا¶نٹر ٹیررازم اتھارٹی(نیکٹا)پاکستان ڈاکٹر خالد چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغوش اور پرورش دونوں گائیڈ بچوں کی تربیت کے لئے نہایت اہم کتب ہیں،ماسٹر ٹرینرز دلچسپی لے کر خود کو روشناس کرائیں اور اس کی روشنی کمیونٹی تک پہنچائیں تاکہ مثالی معاشرے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔
وزارت تعلیم کے جوائنٹ سیکرٹری، راجہ راشد علی نے امجد اسلام امجد کا نظم:”میرے بیٹے نے آنکھیں ایک نئی دنیا میں کھولی ہے’ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں بچوں کی پرورش کا کام مشکل ہوگیا ہے تاہم والدین اور اساتذہ کو بچوں کی کردار سازی کا خصوصی خیال رکھنا ہوگا۔فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن نے کہا کہ مثالی معاشرے کے قیام کے لئے ہمیں بچوں کوبرداشت سکھانا اور لچک دار رویوں کو پروان چڑھانا ہوگا۔انہوں نے ورکشاپ کے ماسٹر ٹرینرز پر زور دیا کہ وہ اس کام کو مشن اور قوم کی ضرورت سمجھ کرآگے بڑھائیں۔
فیکلٹی آف سائنسز کے سینئر پروفیسر، ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے کہا کہ بچوں کی پرورش کے حوالے سے والدین کی تربیت وقت کی ضرورت تھی اور یہ ضرورت پوری کرنے پر یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن اور وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود ومبارکباد کے مستحق ہیں۔ورکشاپس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے، شعبہ ارلی چائیلڈ ایجوکیشن کے چئیرمین، ڈاکٹر محمد اطہر حسین نے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینرز کو اِن گائیڈز سے روشناس کیا جائے گا، تربیت حاصل کرنے کے بعد یہ ماسٹر ٹرینرز کمیونٹی میں جاکر بچوں کی پرورش کے حوالے سے والدین اور اساتذہ کو تربیت فراہم کریں گے، معاشرے کی جانب سے فیڈ بیک ملنے کے بعد اِن گائیڈز کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، فائنل شکل میں آنے کے بعد نفاذ کے لئے پالیسی سازوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ یہ ورکشاپ یونیورسٹی نے وزارت تعلیم، وزارت صحت، آغا خان فا¶نڈیشن، انسانی حقوق کی وزارت اور وزیر اعظم جوان پروگرام و دیگر اداروں کے تعاون سے منعقد کیا ہے۔