میکسیکو۔سال 2024 کے مس یونیورس کا اعزاز ڈنمارک کی خوبرو حسینہ نے اپنے نام کر لیا۔میکسیکو سٹی میں منعقد ہونے والے سالانہ حسن کے عالمی مقابلے کے فائنل میں دنیا بھر کی حسیناؤں نے شرکت کی۔ یہ مقابلہ جمعرات کو شروع ہوا، جس کے بعد 120 امیدواروں میں سے 30 کو منتخب کیا گیا۔
آخرکار، پانچ حتمی امیدواروں میں سے ڈنمارک کی 21 سالہ ‘وکٹوریہ کجر تھیل ویگ’ کو مس یونیورس 2024 کا تاج پہنایا گیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ڈینش خاتون بن گئیں۔
نائیجیریا کی چیڈیما ایڈیٹشینا دوسرے، میکسیکو کی ماریا فرنینڈا تیسرے اور تھائی لینڈ کی سچتا چوانگسری چوتھے نمبر پر آئیں۔
وینزویلا کی 28 سالہ الیانا مارکیز پیڈروزا، جو ایک ماں بھی ہیں، پانچویں پوزیشن حاصل کرکے تاریخ کا حصہ بن گئیں۔ اسی دوران، مالٹا کی بیٹریس نجویا پہلی ایسی خاتون بنیں جو 40 سال سے زیادہ عمر میں گرینڈ فائنل تک پہنچیں۔
واضح رہے کہ اس سال، مس یونیورس کی 72 سالہ تاریخ میں پہلی بار 28 سال سے زائد عمر کی خواتین کو مقابلے میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔
مس یونیورس آرگنائزیشن نے گزشتہ سال عمر کی حد، حاملہ خواتین، ماؤں اور شادی شدہ خواتین پر عائد پابندیاں ختم کر دی تھیں۔ اس سال، بیلاروس، اریٹیریا اور متحدہ عرب امارات جیسے کئی ممالک نے پہلی بار اس مقابلے میں حصہ لیا۔