نئی دہلی ۔بھارت نے ملکی سطح پر تیار کردہ ہائپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا ہے، جسے ایک اہم دفاعی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اس تجربے کے ذریعے بھارت جدید ترین ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک کے ایک چھوٹے گروپ میں شامل ہوگیا ہے۔
بھارت کے دفاعی تحقیق کے ادارے ڈی آر ڈی او نے 1500 کلومیٹر تک مار کرنے والے اس میزائل کا تجربہ کیا۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق، یہ تجربہ کامیاب رہا اور بھارت نے اپنی صلاحیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔
یہ میزائل ہفتے کے روز مشرقی ریاست اڑیسہ کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے سے داغا گیا۔ یہ جزیرہ بھارت کے سابق صدر اور میزائل پروگرام کے معمار ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے نام سے منسوب ہے۔
بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ اس کامیاب تجربے نے بھارت کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ممالک کے ایلیٹ گروپ میں شامل کر دیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں اسلحے کی دوڑ عروج پر ہے۔ دوسری جانب، پاکستان کے فتح دوم میزائل کو بھی بھارتی میزائل دفاعی نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جا رہا ہے، جیسا کہ ایک غیر ملکی جریدے نے رپورٹ کیا ہے۔