اسلام آباد ۔وزیراعظم شہبازشریف انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جہاں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔دوست ممالک سے روابط مزید مضبوط بنانے کا مشن لیے وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں، جہاں ڈپٹی گورنر ریاض محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا جبکہ پاکستانی سفیر احمد فاروق نے بھی وفد کا خیر مقدم کیا۔
وزیر اعظم کے ساتھ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال بھی موجود ہیں،
شہباز شریف ریاض انویسٹمنٹ فورم 2024 میں شرکت کریں گے، دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری پر بات چیت ہوگی جبکہ اقتصادی، توانائی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے، کابینہ کے اہم ارکان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو ممالک کے لیے معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر اعلی سعودی حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے اور اقتصادی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر غور کریں گے۔
وزیر اعظم کی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماوں اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے بعد جمعرات 31 اکتوبر کو قطر جائیں گے، شہباز شریف کے دورے میں پاک قطر تعلقات پر بات ہو گی، وزیراعظم کوپ 29 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔انہیں اس دورے کی دعوت قطر کے امیر تمیم بن حماد الثانی نے دی ہے، وزیراعظم دوحہ میں پاکستانی نوادرات، فنون اور ثقافت کے حوالے سے نمائش کا افتتاح کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف وہ امیر قطر اور دیگر رہنماوں سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوگی۔