پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے پر ہی احتجاج مؤخر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں طے پایا کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات کروائی گئی تو احتجاج موخر کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے لیے کارکنوں کو کل دوپہر 12 بجے صوابی طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف احتجاج کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے، اور پی ٹی آئی قیادت نے تمام ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں سے کارکنان کو اسلام آباد ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
پارٹی قیادت نے کارکنان کو آگاہ کیا ہے کہ جب تک بانی چیئرمین کو رہا نہیں کیا جاتا، وہ ڈی چوک سے نہیں اٹھیں گے۔ ذرائع کے مطابق، احتجاج کی ذمہ داری سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو سونپی گئی ہے، جبکہ پنجاب سے کارکنان لانے کی ذمہ داری حماد اظہر پر ہے۔