نیو یارک ۔امریکا کے صدر جو بائیڈن نے ایران پر اضافی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ ایک بیان میں بائیڈن نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جا سکتا ہے۔
امریکی صدر نے وضاحت کی کہ وہ ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکا نے اسرائیل کو واضح کر دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں اس کے ساتھ نہیں ہے۔
دوسری جانب، روس نے الزام عائد کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کا حل تلاش کرنے کے بجائے طاقت کے استعمال کو ترجیح دی جا رہی ہے۔سلامتی کونسل میں روسی مندوب نے کہا کہ اسرائیل کے لیے امریکا کی حمایت نے سلامتی کونسل کو مفلوج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں غزہ کے بعد لبنان بھی اسرائیلی فوجی کارروائی کا نشانہ بن رہا ہے۔
روسی مندوب نے لبنان کے خلاف اسرائیلی فوجی آپریشن کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فوری طور پر لبنان سے اپنی فوج واپس بلائے۔ اس مشکل وقت میں روس لبنان کی سلامتی و سالمیت کا حامی اور لبنانی عوام کے ساتھ ہے۔