اسلام آباد۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کے اسرائیل حامی بیان پر پاکستانی صحافی حامد میر نے جواب دیتے ہوئے انہیں آئینہ دکھا دیا، جس کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے زیک گولڈ اسمتھ کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے عمران خان اور ان کے بچوں کا ذکر کیا۔
ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد، اسرائیل کی حمایت میں متعدد امریکی عہدیداروں اور سیاستدانوں کے بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ زیک گولڈ اسمتھ نے بھی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اسرائیل اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے اور یہ جنگ آمرانہ حکومتوں کے اتحاد کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “اسرائیل دنیا کے تاریک ترین حصے میں ایک اُمید کی کرن ہے، اور یہ ہم سب کے لیے انتہائی ضروری ہے۔”
اس ٹوئٹ پر حامد میر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ “آپ کی اس کرن (اسرائیل) نے فلسطین کے معاملے میں اقوام متحدہ کی تمام قراردادوں کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ اسرائیل ان قراردادوں کو قبول کرنے کے لیے کیوں تیار نہیں ہوتی؟”
خواجہ آصف نے زیک گولڈ اسمتھ کی ٹوئٹ کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ “عمران خان نے پاکستانی نژاد برطانوی صادق خان کے مخالف امیدوار زیک گولڈ اسمتھ کے حق میں سیاسی مہم چلائی۔ صادق خان جیت گیا اور اس صیہونی خاندان کے پاس عمران خان کی بیٹی اور دو بیٹے پرورش پا رہے ہیں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ “یہ کہا جا رہا ہے کہ اسرائیل دنیا کے تاریک ترین خطے میں واحد روشنی ہے۔ اولاد انسان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتی ہے، اور عمران خان کا یہ اثاثہ اسلام دشمن قوتوں کے پاس ہے۔ عمران خان خود بھی ان دشمن قوتوں کا اثاثہ ہے۔”