لاہور۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیاڈونگ سے ملاقات کی، جس میں ٹیکنالوجی، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ چینی سفیر نے مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی، جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کر لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چین کے لیے خصوصی چائنا اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی اور چینی سرمایہ کاروں کے لیے مراعات اور آسانیاں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ مل کر معاشی ترقی حاصل کر سکتے ہیں اور پنجاب میں چینی دوستوں کا خیرمقدم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں اور عوام کو غربت سے نجات دلانے کے لیے چین کی مہارتوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ چین ہمارا قابل اعتماد دوست ملک ہے اور ہمیں اپنے تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کے لیے متعدد فلاحی منصوبے لے کر آئیں گی اور انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
چینی سفیر جیانگ زیاڈونگ نے پنجاب میں ہائبرڈ بیج کی کاشت بڑھانے کی پیشکش کی اور کہا کہ 5 لاکھ ایکڑ پر ہائبرڈ بیج کاشت کیا جا رہا ہے۔ وہ پاکستان کے ایک ہزار کاشتکاروں کو جدید زرعی تکنیکوں کی تربیت دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
جیانگ زیاڈونگ نے کہا کہ مریم نواز شریف کا چین میں خیرمقدم کیا جائے گا، اور یہ کہ نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات کو بڑی بلندیوں پر پہنچایا گیا۔ انہوں نے سی پیک کے اپ گریڈڈ ویژن میں پنجاب کی شمولیت کا بھی خیرمقدم کیا۔اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔