لاہور: پنجاب پولیس نے دور دراز علاقوں میں چھپے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے لیے بڑے ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، یہ ڈرونز کیمروں کے ساتھ ساتھ مارٹر گولے لے جانے اور پھینکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہر ڈرون ایک وقت میں 60 ایم ایم کا مارٹر گولہ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی رینج کئی کلومیٹر تک ہوگی۔ مزید برآں، یہ ڈرونز مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ ہدف پر حملہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
ابتدائی طور پر، صوبے بھر کے لیے 25 ڈرونز خریدنے کا منصوبہ ہے، جس کے لیے 3.5 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ڈرونز کی خریداری کے لیے این او سی کی منظوری کی سمری وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجی گئی ہے۔ منظوری ملنے کے بعد ٹینڈر کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔