اسلام آباد۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ ملٹری حراست اور ٹرائل روکنے کی درخواست ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے بیان کے بعد نمٹا دی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک عمران خان کے خلاف ملٹری ٹرائل کا فیصلہ نہیں ہوا ہے اور جو بھی کارروائی ہوگی، وہ قانون کے مطابق ہوگی۔سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست کی تفصیلات سنیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے وضاحت کی کہ بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل کے حوالے سے کوئی فیصلہ موجود نہیں، اور اگر ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو قانونی طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر ملٹری ٹرائل کا فیصلہ ہوا تو پہلے سول مجسٹریٹ کے پاس درخواست پیش کی جائے گی۔اس کے بعد، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل کے بیان کی بنیاد پر عمران خان کی درخواست نمٹا دی۔