لاہور: فیکٹری ایریا میں ایک طالب علم پر تشدد کرنے کے الزام میں اسکول کے پرنسپل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ اویس شفیق کی ہدایت پر فیکٹری ایریا پولیس نے 15 کی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ طالب علم کے والد راحیل انور کی مدعیت میں پرنسپل رانا اسرار کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ایس پی اویس شفیق نے کہا کہ “قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، اور بچوں پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔”
ایف آئی آر میں بیان کیا گیا ہے کہ متاثرہ طالب علم طابیل راحیل نویں جماعت کا طالب علم ہے، جس پر 20 ستمبر کو پرنسپل رانا اسرار نے بلاوجہ تشدد کیا۔ والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی حالت خراب ہو گئی جس کے بعد اسے فوری طور پر جنرل اسپتال منتقل کیا گیا۔
مدعی نے مزید کہا کہ اسکول کے پرنسپل نے ان کے بیٹے کی کمر، بازؤں اور جسم کے نازک حصے پر شدید تشدد کیا جس کے نشانات موجود ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرنسپل کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ایسے تشدد کرنے والے اساتذہ کو عبرتناک سزا دی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے اسکول کا لائسنس منسوخ کرنے اور ادارے کو بند کرنے کی بھی درخواست کی۔