اسلام آباد۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، تاہم اگر اس پر اتفاق نہ ہو سکا تو پھر بھی نمبرز پورے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں امید تھی کہ فضل الرحمان آئینی اصلاحات میں ان کا ساتھ دیں گے، مگر انہوں نے مزید مشاورت کی درخواست کی ہے۔بلاول نے مزید کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان ساتھ ہوں گے تو آئینی ترمیم کے مسودے میں بہتری آئے گی، کیونکہ حکومت کے پاس موجود مسودہ حتمی نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چاہتی ہے کہ حکومت، پارلیمنٹ اور عدلیہ نہ چلیں، حالانکہ عمران خان خود آئینی اصلاحات کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں۔بلاول نے یہ بات بھی کہی کہ اس خیال میں کوئی وزن نہیں ہے کہ آئینی ترمیم عمران خان کو جیل میں رکھنے کے لیے کی جا رہی ہے۔15 ستمبر کو عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم کی منظوری میں ناکامی کے بعد حکومت نے دوبارہ ہوم ورک شروع کر دیا ہے۔