اسلام آباد ۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو بچانے کے لیے کوئی مخلص نہیں ہے۔24نومبر کو پانی بلبلہ بننے جا رہا ہے ، کوئی رہائی نہیں ہو رہی ،72گھنٹوں میں سب کچھ واضح ہو جائے گا،اندرون خانہ بات چیت چل رہی ہے
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ 25 نومبر کو عمران خان پر فرد جرم عائد کی جائے گی اور 24 نومبر کا جلسہ مکمل طور پر ناکام ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ جلسہ ہو بھی جاتا ہے تو انہیں ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی اور انہیں ایک مخصوص جگہ پر بیٹھنے کا کہا جائے گا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پکنک منانے آئی ہے، اور اگر کچھ غلط کرنے کی کوشش کی گئی تو عدالتیں حرکت میں آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں جانبداری عروج پر ہے، اور ایک مخصوص گروہ عمران خان کی مشکلات بڑھا رہا ہے۔ وہ بیرون ملک بیٹھ کر اقتدار اور پیسہ کمانے میں مشغول ہیں۔ فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر موجود کمپرومائز لوگ پارٹی کی اصل مشکلات کو نظرانداز کر رہے ہیں، اور پارٹی کی قیادت اپنے بچوں کو باہر کیوں نہیں لے آتی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے امریکی کانگریس اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی باتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں مداخلت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کانگریس انسانی حقوق کے چیمپئن بننے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ان کی خاموشی عافیہ صدیقی اور شام میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے امریکیوں کی جانب سے دنیا بھر میں مداخلت اور اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کی کوششوں کو بے نقاب کیا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اور ہم نے کبھی کسی دوسرے ملک میں مداخلت نہیں کی، لیکن امریکی مداخلت کے بارے میں سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور عمران خان کی بات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے مداخلت کی تصدیق کی۔