اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم قومی اسمبلی کے نئے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ آئینی کمیٹی کا تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں تفصیل کے ساتھ بریفنگ فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ترامیم پر کوئی بنیادی اختلاف نہیں ہے۔ مولانا کی دو درخواستیں ہیں: ایک تو یہ کہ انہیں مزید وقت دیا جائے اور دوسری یہ کہ وہ نمبرز پر مطمئن ہونا چاہتے ہیں۔ نمبر گیم کے لحاظ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، نمبرز دستیاب ہیں۔ آج دونوں ایوانوں کے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہو جائیں گے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے نئے سیشن میں ترامیم پیش کی جائیں گی۔ کمیٹی میں کوئی کسی کا محتاج نہیں تھا۔ پی ٹی آئی کے ارکان کے پاس ضمانت دینے کا کوئی اختیار نہیں تھا۔ پی ٹی آئی والے یہاں متفق ہو کر اڈیالہ بھی جا سکتے ہیں، اور اگر بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ وہ نہیں مانتے تو معاملہ ختم ہو جائے گا۔ ہم پی ٹی آئی کی مجبوری کو سمجھتے ہیں۔