اسلام آباد — چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کو اسمبلی چھوڑنے سے بہت بار روکا گیا، مگر آج خود بھی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے اور ملک بھی ان مسائل کا شکار ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کا کیس عدالتوں میں لڑے، لیکن پہلے ایوان میں آ کر عوام کی خدمت کرے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا رویہ دیکھ کر نئے سیاستدان سیاست میں آنے سے گریز کریں گے۔ ہم نے سیاست کو ایک گالی بنا دیا ہے اور ہمیں اسی سیاست کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنا ہے۔ اگر وزیراعلیٰ جلسے میں کھڑے ہو کر حکومت اور عدلیہ کو گالی دیتا ہے تو وہ اپنے صوبے کے عوام کو روزگار نہیں دے سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے ماحول خراب کیا اور اگر وزیراعلیٰ عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے جلسوں میں گالیاں دے رہا ہے، تو وہ سیاست کو بدنام کر رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت نے مہنگائی کو ایک سال میں بارہ فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا تھا، مگر مہنگائی پہلے ہی نو فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کچھ مہینوں سے جیل میں ہیں، اور پی ٹی آئی اپنے چیئرمین کا کیس عدالتوں میں لڑے، مگر عوام کی خدمت کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج ہم ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کے روادار نہیں رہے، اور مینگل صاحب کے فیصلے پر بھی افسوس ہوا۔
انہوں نے تجویز دی کہ ایک ایسی کمیٹی بنائی جائے جس میں تمام جماعتوں کے ارکان شامل ہوں، تاکہ پارلیمانی معاملات کو بہتر طریقے سے نمٹایا جا سکے اور جلسے بھی کیے جا سکیں۔