اسلام آباد: وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، جن کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے، حکومت نوجوانوں کو ہر ممکن حمایت فراہم کرے گی۔
اسلام آباد میں نیشنل یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ نے کہا کہ اس سال چار ارب روپے سے زیادہ نوجوانوں کی مہارتوں کی ترقی پر خرچ کیے جائیں گے، ڈیجی اسکلز پروگرام کے تحت اب تک تقریباً ساڑھے چار ملین نوجوانوں کو تربیت دی جا چکی ہے۔
وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ کوریا کے تعاون سے اسلام آباد میں آئی ٹی پارک قائم کیا جا رہا ہے جس سے بڑی تعداد میں ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اسلام آباد آئی ٹی پارک کے بعد دوسرا آئی ٹی پارک کراچی میں بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر ملک میں ای روزگار سینٹرز قائم کیے جائیں گے، اور خواتین کے اسٹارٹ اپس کے اندراج کے لیے نیشنل انکیوبیشن سینٹر کھولا جائے گا۔