وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کر کے انہیں آگاہ کیا کہ موجودہ حالات میں کسی بھی دھرنے یا ریلی کی اجازت دینا ممکن نہیں۔
محسن نقوی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے تحت پیدا ہونے والی صورتحال پر بیرسٹر گوہر سے تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ حکومت عدالتی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے کسی قسم کے مظاہرے یا جلوس کی اجازت نہیں دے سکتی۔
وزیر داخلہ نے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے صدر کی سربراہی میں 80 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے 24 سے 27 نومبر تک کی مصروفیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کا وفد 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا، جبکہ صدر بیلاروس 25 نومبر کو پاکستان تشریف لائیں گے، اور یہ وفد 27 نومبر تک پاکستان میں قیام کرے گا۔
بیرسٹر گوہر نے وزیر داخلہ کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد اپنا حتمی مؤقف پیش کریں گے۔