اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈز کے ریفرنس کی کارروائی روکنے کے لیے متفرق درخواست دائر کر دی ہے اور ٹرائل کورٹ کے 12 اگست کے آرڈر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر نے بیان دیا تھا کہ نیب کی 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں اس کیس کو بند کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ تاہم، ٹرائل کورٹ نے نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی، حالانکہ اپریل 2020 کی نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
عمران خان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ احتساب عدالت کے 12 اگست کے درخواست مسترد کرنے کے حکم نامے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ اگر نیب بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں کیا گیا تو ان کے دفاع کو شدید نقصان پہنچے گا۔
درخواست گزار کے مطابق، تفتیشی افسر نے جرح کے دوران نیب کی 343 ویں بورڈ میٹنگ سے متعلق کچھ باتوں کا اعتراف کیا، اس لیے ضروری ہے کہ نیب کی 343 ویں بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ کے سامنے رکھا جائے تاکہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔