بیجنگ۔14چین کی ایک کامیاب اور منافع بخش کمپنی نے اپنے ملازمین کو سالانہ بونس دینے کا ایک انوکھا اور دلچسپ طریقہ اپنایا ہے۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کرین بنانے والی ایک معروف کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے سال کے اختتام پر 11 ملین ڈالر تک کے بونس کا اعلان کیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 ارب 6 کروڑ روپے بنتا ہے۔
کمپنی نے اپنے ورکرز کو پیشکش کی کہ وہ مقررہ وقت میں جتنی رقم گن سکتے ہیں، وہی ان کا بونس ہوگا۔ اس منفرد موقع نے ملازمین میں جوش و خروش پیدا کر دیا اور قسمت آزمانے کا ایک دلچسپ مرحلہ شروع ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق، کمپنی کے اعلان کے بعد ملازمین بھرپور تیاری کے ساتھ دفتر پہنچے اور ایک بڑی میز پر رکھی گئی رقم کے ڈھیر سے زیادہ سے زیادہ پیسے گننے کی کوشش کی۔
مقررہ 15 منٹ کے اندر سب سے زیادہ رقم گننے والے ملازم نے 1 لاکھ یوآن حاصل کیے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 38 لاکھ 85 ہزار روپے بنتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب ہینان مائننگ کرین کمپنی اپنے منفرد اور فراخدلانہ بونس کی وجہ سے خبروں میں آئی ہو۔ 2023 میں بھی کمپنی نے سالانہ عشائیے کے دوران اپنے ملازمین میں بڑی مقدار میں نقد رقم تقسیم کی تھی۔
یہ منفرد بونس دینے کا طریقہ نہ صرف کمپنی کے ملازمین کی خوشی کا سبب بن رہا ہے بلکہ اس اقدام نے عالمی سطح پر بھی کمپنی کی شہرت میں اضافہ کر دیا ہے۔