اسلام آباد۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیکا قانون کے حوالے سے صدر مملکت کے اقدام پر ناخوش ہو کر وزیر اعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیکا کی متنازع شقوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے گفتگو کی اور اس قانون سے متعلق اپنی تشویش ان کے سامنے رکھی۔
صدر مملکت نے پیکا ترمیمی بل 2025 پر دستخط کر دیے، جس کے بعد یہ متنازع قانون نافذ ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کے سربراہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پیکا بل کی منظوری کو کمزور عزم قرار دیا اور وزیر اعظم سے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ وہ خود اس معاملے کو دیکھیں گے۔